’ظہران ممدانی غدار ہیں‘، نیویارک کے میئر کی اسرائیلی شہریوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے پر فلسطین حامیوں کا احتجاج

نیویارک: نیویارک کے میئر ظہران ممدانی کی جانب سے 7 اکتوبر 2023 کو حماس کے ہاتھوں ہلاک ہونے والے اسرائیلی شہریوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے پر تنازع کھڑا ہوگیا ہے۔ فلسطین حامی مظاہرین نے ممدانی کو غدار قرار دیا، جس پر ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے میئر نے کہا کہ انہیں اس تقریب میں شرکت کرنے پر ’فخر‘ ہے۔ممدانی گزشتہ رات ’اسرائیلیز فار پیس‘ کی جانب سے 7 اکتوبر کے واقعات کی یاد میں منعقدہ تقریب میں شریک ہوئے تھے۔ اس دوران فلسطین حامی مظاہرین نے انہیں گھیر لیا اور تحریک کے ساتھ غداری کرنے کا الزام لگایا۔بعد ازاں ایک پریس کانفرنس میں ممدانی نے کہا، ’’میں نیویارک شہر کا میئر ہوں اور میں نے یہ ذمہ داری اسی کام کے لیے قبول کی ہے۔‘‘

تقریب میں پُرامن انداز میں جمع ہونے والے افراد کے خلاف فلسطین حامی مظاہرین نے نعرے بازی کی اور شور شرابہ کیا۔ مظاہرین نے ممدانی اور ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے کانگریس کے امیدوار بریڈ لینڈر کے خلاف بھی نعرے لگائے۔ لینڈر نے تقریب سے خطاب بھی کیا۔ اس دوران بعض مظاہرین نے حماس کی علامتیں بھی دکھائیں۔ممدانی نے کہا کہ انہیں گزشتہ رات دعائیہ تقریب میں شرکت کرنے پر فخر ہے، جیسا کہ وہ گزشتہ سال بھی اس میں شریک ہوئے تھے۔ ان کے مطابق، اس تقریب میں شرکت کا مقصد ان خاندانوں کی باتیں سننا تھا جن کے عزیز 7 اکتوبر کو ہلاک ہوئے، نیز ان لوگوں کے اہلِ خانہ کے دکھ درد کو سمجھنا تھا جو اس کے بعد کے تین برسوں کے دوران ہلاک ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ ان تمام افراد کے درمیان غزہ میں امن اور نسل کشی کے خاتمے کا مشترکہ تصور موجود تھا۔

تاہم، ممدانی نے 7 اکتوبر کے واقعات سے متعلق اپنے سابقہ بیان میں تبدیلی کے حوالے سے پوچھے گئے سوالات کا براہِ راست جواب دینے سے گریز کیا۔پریس کانفرنس کے دوران ان سے یہ بھی پوچھا گیا کہ آیا وہ بدھ کی صبح 7 اکتوبر کی برسی کے موقع پر دیے گئے اپنے بیان میں کوئی تبدیلی کرنا چاہیں گے۔ کئی یہودی تنظیموں نے میئر پر تنقید کی تھی، کیونکہ ان کے بقول ممدانی نے اپنی تقریر میں حماس کے 2023 کے حملے کے بجائے غزہ میں اسرائیل کی فوجی کارروائیوں پر زیادہ توجہ دی تھی۔اس سوال کا براہِ راست جواب دینے کے بجائے ممدانی نے اپنے بیان میں ’اسرائیلیز فار پیس‘ کی دعائیہ تقریب میں شرکت اور اسی رات اپر ویسٹ سائڈ کے ایک فلسطینی ریستوراں، ’آیات ہندز ہال‘ میں نیویارک کے فلسطینی باشندوں سے ملاقات کا ذکر کیا۔

ممدانی نے کہا، ’’یہ سب ایک خوفناک واقعے کا سامنا کرنے سے متعلق ہے۔ یہ ایسا المناک واقعہ ہے جس نے تین سال قبل نیویارک کے لوگوں کی زندگیاں تباہ کردی تھیں اور آج بھی انہیں متاثر کر رہا ہے۔‘‘