1500 پروازیں رد ہونے سےسعودی میں پھنسے مسافرین
ریاض: یمن کے حوثی باغیوں پر حملوں کے الزامات کے درمیان سعودی عرب میں فضائی آپریشن بری طرح متاثر ہو گیا ہے۔ آج بھی ملک کے تین بڑے ہوائی اڈوں پر بڑی تعداد میں پروازیں منسوخ کر دی گئیں، جس کے باعث عام مسافروں کے ساتھ ساتھ عمرے کی ادائیگی کے لیے جانے والے زائرین کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ متعدد مسافر ہوائی اڈوں پر پھنسے ہوئے ہیں، جبکہ بین الاقوامی پروازوں کا نظام بھی متاثر ہوا ہے۔ پروازوں کی منسوخی کے باعث مذہبی سفر کرنے والے افراد کو بھی پریشانیوں کا سامنا ہے۔سوشل میڈیا پر سامنے آئے کئی ویڈیوز میں حملوں کے بعد ہوائی اڈوں پر افراتفری کے مناظر دیکھے جا سکتے ہیں۔ ان ویڈیوز میں طیاروں میں سوار ہونے کی تیاری کرنے والے مسافروں کے درمیان خوف و ہراس کی صورتِ حال دکھائی گئی ہے۔ بنگلہ دیش کی تارکینِ وطن کی فلاح و بہبود کی وزارت کے مطابق حملے کے بعد ریاض میں تقریباً 500 بنگلہ دیشی مسافر پھنس گئے۔ سعودی حکام کے مطابق، 10 اکتوبر کو ہوئے حملے میں 13 افراد ہلاک اور 300 سے زائد زخمی ہوئے، جبکہ 11 اکتوبر کے حملے میں ایک شخص کی موت اور 11 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع دی گئی۔ دمام ہوائی اڈے کو بھی نشانہ بنایا گیا۔پروازوں کی نگرانی کرنے والی ویب سائٹ فلائٹ ریڈار 24 کے اعداد و شمار کے مطابق، پیر کی صبح تقریباً ساڑھے پانچ بجے تک ریاض کے کنگ خالد بین الاقوامی ہوائی اڈے پر 436 پروازیں منسوخ کی جا چکی تھیں۔ یہ اس دن کے لیے طے شدہ مجموعی پروازوں کا تقریباً 64 فیصد تھا۔جدہ کے کنگ عبدالعزیز بین الاقوامی ہوائی اڈے پر 115 پروازیں منسوخ ہوئیں، جبکہ دمام کے کنگ فہد بین الاقوامی ہوائی اڈے سے 63 پروازیں آپریٹ نہیں ہو سکیں۔ اس سے قبل 11 اکتوبر کو بھی صورتِ حال ایسی ہی تھی، جب ریاض ہوائی اڈے پر 655 پروازیں منسوخ کی گئی تھیں۔ یہ اس دن کے لیے طے شدہ پروازوں کا تقریباً 98 فیصد تھا۔10 اکتوبر کو ہوئے حملے کے بعد سیکورٹی وجوہات کی بنا پر ان ہوائی اڈوں پر پروازوں کا آپریشن کچھ وقت کے لیے معطل کر دیا گیا تھا۔ اتوار کو جدہ میں 158 پروازیں منسوخ ہوئیں، جبکہ 393 پروازوں میں تاخیر ہوئی۔ دوسری جانب، دمام میں 58 پروازیں منسوخ کی گئیں اور 115 پروازیں تاخیر سے روانہ ہوئیں۔ اعداد و شمار کے مطابق، 11 اکتوبر کو تینوں ہوائی اڈوں پر مجموعی طور پر 871 پروازیں منسوخ ہوئی تھیں، جبکہ آج یہ تعداد 614 رہی۔
اس بحران کے اثرات سعودی عرب سے باہر کی فضائی خدمات پر بھی پڑے ہیں۔ اتحاد ایئرویز نے 13 اکتوبر تک ابوظہبی سے ریاض، جدہ اور دمام جانے والی بعض پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔ ایمریٹس نے بھی دبئی سے سعودی عرب کے منتخب شہروں کے لیے اپنی پروازیں منسوخ کی ہیں، جبکہ فلائی دبئی نے ریاض کے لیے پروازوں کی معطلی میں توسیع کرتے ہوئے اسے 14 اکتوبر تک بڑھا دیا ہے۔دوسری جانب، دبئی میں واقع سعودی قونصل خانے نے پروازیں منسوخ ہونے کے باعث متحدہ عرب امارات میں پھنسے سعودی شہریوں کو وطن واپس پہنچانے کے لیے بسوں کا انتظام کیا ہے۔