پاکستان:پولس چیک پوسٹ کے قریب دھماکہ‘12 افراد جاں بحق35 سے زائد زخمی
پاکستان کے خیبر پختونخوا میں پولیس چیک پوسٹ پر زوردار دھماکہ میں کم از کم 11 افراد ہلاک ہو گئے ہیںڈیرہ اسماعیل خان (ڈی آئی خان) میں درازندہ میں پولیس اور کسٹم کی مشترکہ چیک پوسٹ کےقریب دھماکے میں 12 افراد شہید اور 35 زخمی ہوگئے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درازندہ میں مبینہ خودکش دھماکا ہوا ہے، دھماکا ڈی آئی خان، کوئٹہ روڈ پر انسدادِ اسمگلنگ ’امن میلہ پولیس چیک پوسٹ‘ پر ہوا، بارود سے بھری گاڑی انسدادِ اسمگلنگ چیک پوسٹ سے ٹکرائی گئی۔
انسدادِ اسمگلنگ چیک پوسٹ پر حملہ، دہشت گردوں اور جرائم پیشہ کے گٹھ جوڑ کا ثبوت ہے، خوارج کی جانب سے ایک بار پھر سیکیورٹی فورسز اور شہریوں کو نشانہ بنایا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چیک پوسٹ پر دھماکے میں 2 سال کے بچے اور 2 خواتین سمیت 11 افراد شہید ہوئے ہیں۔آر پی او غلام مبشر میکن کے مطابق شہداء میں ایک کسٹمز اہلکار بھی شامل ہے۔دھماکے میں کسٹم، پولیس اہلکاروں اور شہریوں سمیت 30 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں، زخمیوں میں بعض کی حالت تشویشناک ہے، شہداء کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔
پاکستانی اخبار ’ڈان‘ کی رپورٹ کے مطابق خیبر پختونخوا اور بلوچستان کی سرحد کے قریب ڈیرہ اسماعیل خان کے درازندہ میں واقع ’امن میلہ‘ پولیس چیک پوسٹ پر یہ خودکش دھماکہ ہوا۔ زخمیوں میں پولیس اہلکاروں، کسٹم افسران کے ساتھ 2 عام شہری بھی شامل ہیں۔ دھماکہ کے فوراً بعد راحت اور بچاؤ کی کارروائی شروع کر دی گئی۔ ریسکیو ٹیموں نے ملبے میں پھنسے لوگوں کو باہر نکالا اور زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ اس واقعہ کے بعد بم ناکارہ بنانے والے دستے کو دھماکے کی وجہ کا پتہ لگانے کے لیے بھیجا گیا ہے، حالانکہ کچھ میڈیا رپورٹس میں بتایا جا رہا ہے کہ یہ خودکش دھماکہ تھا۔ اس حملہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے خیبر پختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی نے سینئر افسران سے تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے۔ انہوں نے زخمیوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت بھی دی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ پاکستان کے خیبر پختونخوا صوبے میں حالیہ مہینوں کے دوران اس طرح کے کئی حملے ہوئے ہیں، جن میں سیکورٹی فورسز اور پولیس کو مسلسل نشانہ بنایا گیا ہے۔ ’پاکستان انسٹی ٹیوٹ فار کنفلکٹ اینڈ سیکورٹی اسٹڈیز‘ (پی آئی سی ایس ایس) کے اعداد و شمار کے مطابق صرف اگست کے مہینے میں یہاں اس طرح کے 54 واقعات درج کیے گئے۔ اس علاقے میں انتظامیہ نے دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کر دی ہیں، لیکن دہشت گردانہ کارروائی میں کوئی کمی دیکھنے کو نہیں مل رہی ہے۔