دلّی کے ’بیکانیر ہائوس‘میں کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی کے بیٹے ریحان واڈرا کی فوٹو نمائش سے منتظمین نے ان تصاویرکو ہٹانے کے لیے ریحان کو مبینہ طور پر مجبور کیا کہ جن میںحکومت کے خلاف ہونے والے مظاہروں سے متعلق تصاویر بھی شامل تھیں۔حالانکہ ریحان نے ان تصاویر کو ہٹانے سے انکار کر دیا ،لیکن اب اس نمائش میں ان کے ذریعے لیے گئے چنندہ فوٹوہی دکھائے جائینگے۔منتظمین کے اس فیصلے پر پرینکا گاندھی نے شدیدتنقید کرتے ہوئے حکومت کی اعلیٰ قیادت پر سوال اٹھائے ہیں۔بی بی سی نے اس معاملے پر شائع اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ پرینکا گاندھی نے حکومت پر الزام لگایا کہ وہ آرٹ پر بھی سنسر شپ نافذ کر رہی ہے۔واضح رہے کہ ریحان کے اس فوٹو کلیکشن میں دلّی کے جنتر منتر پر ہوئے جین زی کے مظاہرے سے متعلق فوٹو بھی شامل ہیں۔خود ریحان نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ میں بتایا ہے کہ جن تصاویرکو ہٹانے کے لیے کہا گیا ان میں دو تصاویرقومی پرچم سے متعلق بھی تھیں۔جبکہ دوسری طرف ریحان کی ماں پرینکا نے ان تصاویر کو ’ایکس‘ پر شئیر کیا ہے،اور اس پر اپنی پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’جب کوئی طاقتور شخص کسی دوسرے کے اظہار رائے سے ڈرنے لگتا ہے ،تو اسے احساس نہیں ہوتا ،لیکن وہ اس طاقت کو پہلے ہی کھو چکا ہوتا ہے،جسے بچانے کے لیے وہ کوشش کر رہا ہوتا ہے۔‘‘گزشتہ بدھ کے روز ریحان واڈرا نے اپنی انسٹا گرام پر مذکورہ پوسٹ میں یہ بھی لکھا ہے کہ ’’بیکانیر ہائوس کے مینجمنٹ نے مجھے بیشتر فوٹو ہٹانے کے لیے مجبور کیا۔‘‘ریحان نے اپنی پوسٹ میں یہ دعویٰ بھی کیا کہ ’’ان تصاویر میںدلّی میں ہوئے نوجوانوں کے مظاہروں کو دکھایا گیا تھا۔ظاہری طور پر انھیں یہ تصاویر قابلِ اعتراض لگیں۔‘‘ریحان کا کہنا ہے کہ ’’فی الحال نمائش جزوی طور پر جاری رہیگی لیکن میں کوئی دوسری جگہ تلاش کرونگا اور احتجاجی مظاہروں سے متعلق تمام تصاویر وہاں نمائش کے لیے پیش کرونگا۔‘‘ ریحان واڈرا کی تصاویر ہٹانے کے معاملے پرکانگریس کھل کر مودی حکومت کے خلاف حملہ آور تیوروں میں آ گئی ہے۔پارٹی کے رکن پارلیمنٹ پون کھیڑا نے ایک پوسٹ میں لکھا ہے ،’’شائد مسئلہ آرٹ میں نہیں حکومت میں ہے۔‘‘کھیڑا نے ہٹائی گئی تصاویر کے نتیجے میں دیوار پر خالی ہو جانے والی جگہ کو شئیر کرکے حکومت کی بزدلی کو نشانہ بنایا ہے،اور لکھا ہے’’جن تصاویر کو ہٹانے کے لیے ریحان کو جد و جہد کرنی پڑی ان میں ہندوستانی پرچم کی ایک تصویر بھی تھی۔خالی دیواروں کی جگہ اب صرف لوہے کی کیلیں بچی تھیں جو اسپاٹ لائٹ کی روشنی میں چمک رہی تھیں۔یہ سنسر شپ کی ایک بھیانک علامت تھی۔تصور کیجیے ایک ایسی حکومت کی جو نظریات سے اتنا ڈرتی ہے کہ اسے نہ صرف احتجاجی مظاہرے بلکہ ان مظاہروں کی تصاویر اور یہاں تک کہ ترنگا بھی برداشت نہیںہوتا۔‘‘راجستھان کے سابق وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے اسے ’’فنکاروں کی آواز کو دبانا‘‘ اور ’’جمہوریت پر سیدھا حملہ‘‘ قرار دیا ہے۔کانگریس کے نوجوان ممبران کے سیل ’یوتھ کانگریس‘ نے اعلان کیا ہے کہ وہ لٹینس دلّی کی سڑکوں پر کھلی ہوئی جگہ ان تصاویر کی نمائش لگائے گی۔واضح رہے کہ بیکانیر ہائوس راجستھان حکومت کی ملکیت ہے اور راجستھان میں اس وقت بی جے پی کی حکومت ہے۔ ریحان واڈرا کی تصاویر کا معاملہ مودی حکومت کے لیے اب ایک نیا سر درد ثابت ہو سکتا ہے۔جبکہ اسی دوران دشینت گوتم کو سکم کا گورنر بنائے جانے پر اپوزیشن پارٹیوں کا احتجاج جاری ہے۔دلّی ہر روز ایک نئے احتجاج اور مظاہرے کی گواہ بن رہی ہے ،اور ان مظاہروں پر مودی حکومت کے ذریعے پابندیاں لگانے کی مسلسل کوششیں حکومت کی بزدلی اور اپوزیشن کے نئی طاقت اور توانائی حاصل کرنے کا سبب بن رہی ہیں۔حکومت کے ایسے اقدامات سے پوری دنیا میں یہ پیغام جا رہا ہے کہ وہ بری طرح بوکھلائی ہو ئی ہے اور اپنا اقتدار بچانے کے لیے وہ تمام حربے اختیار کر رہی ہے کہ جو اس کے اقتدار کو صرف کمزور کرنے کا سبب بن رہے ہیں۔ حالانکہ فنکاروں کی تخلیقات پر پابندی لگانے کا حکومت کا یہ تازہ قدم کوئی پہلا قدم نہیں ہے۔اس سے پہلے بھی اس طرح کے فیصلے سرکار کی آمریت اور اس کے پردے میں چھپی بزدلی ثابت کر چکے ہیں۔ مختلف فنون لطیفہ سے متعلق فنکاروں کے فن پاروں کو حکومت اپنی غیر اعلانیہ سنسرشپ کا نشانہ بنا چکی ہے۔ان میں فلم ساز،کارٹونوسٹ ادیب سب طرح کے لوگ شامل ہیں۔تین سال قبل یعنی2023 میں حکومت نے بی بی سی کی ایک دستاویزی فلم کی نمائش پر پابندی عائد کر دی تھی۔سبب یہ تھا کہ فلم میں نریندر مودی کے گجرات کے2002کے فسادات میں مبینہ رول پر سوال اٹھائے گئے تھے۔آئی ٹی قوانین کے تحت اس فلم کے تمام لنکس ،ویڈیوز اور ٹویٹس تک کو ہندوستان میں بلاک کر دیا گیا تھا۔ سنسر بورڈ نے بھی اس دوران فلموں کے ایسے مناظر کہ جو آمریت کے خلاف آواز بن سکتے تھے یا جن سے حکومت متفق نہیں تھی انھیں فلم سے ہٹوا دیا گیا۔جبکہ دوسری طرف فلموں کے ذریعے تاریخ کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے اور اسے آر ایس ایس کی فکر کے مطابق بنانے والی فلموں کو نمائش کی کھلی آزادی دے کر سماج میں منافرت کا زہر گھولنے کی کوششوں کی حوصلہ افزائی کی گئی۔فلم ’اڑتا پنجاب‘ میں بڑھ رہے منشیات کے مسئلے کو اٹھایا گیا تھا،لیکن کیونکہ اس وقت پنجاب میں بی جے پی کی شمولیت والی حکومت تھی لہذٰا اس پر سنسر بورڈ کی قینچی چلائی گئی۔رواں سال یعنی 2026میں ہی مشہور کارٹونسٹ ستیش آچاریہ کے کئی ایسے کارٹونوںکو سوشل میڈیا پلیٹ فارموں سے ہٹا دیا گیا کہ جن میں حکومت کی پالیسیوں اور الیکشن کمیشن کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ستیش کے انسٹاگرام اکائونٹ کو بھی عارضی طور پر بلاک کر دیا گیا تھا۔جبکہ اقلیتوں کے خلاف زہر اگلنے والوں کو فرقہ واریت پھیلانے سے روکنے کی کوئی کوشش نہیں کی گئی ۔بلکہ اس کے برعکس ایسے عناصر کی حوصلہ افزائی کی گئی۔یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ سن2021میںاظہار خیال پر بالواسطہ پابندی یا فنکاروں کی حکومت کے خلاف ان کی تخلیقات کے ذریعے اٹھنے والی آوازوں کو دبانے کے لیے آئی ٹی قوانین میں ترمیم کی گئی۔یہ ترامیم سوشل میڈیا اداروں کو کچھ اسٹینڈ اپ کامیڈیز یا پیروڈی ویڈیوز بنانے سے بھی روکتی ہیں۔یہی نہیں کئی مصنفین کی کتابوں کو بھی سرکاری پابندیوں کا نشانہ بننا پڑا ہے۔ اگست2025میں جموں و کشمیر کے لیفٹننٹ گورنر نے 25کتابوں پر پابندی عائد کر دی تھی۔ان کتابوں میں مشہور مصنفہ اروندھتی رائے،معروف قانون داں اے جی نورانی،وکٹوریہ شو فیلڈ اور دیگر کئی بڑے مصنفین کی کتابیں بھی شامل تھیں۔اس کے بعد ریاستی پولیس نے کئی بک اسٹالوں پر چھاپے مار کر یہ کتابیں ضبط کی تھیں۔یہی نہیں بلکہ ان کی فروخت پر سزا کا بھی اعلان کیا گیا تھا۔حالانکہ ہندوستانی سماج مین منافرت اور مذہبی تفریق کا زہر گھولنے والی اور آر ایس ایس کے ہندوتو کی ترجمانی کرنے والی کتابیں بازار میں کھلے عام فروخت ہو رہی ہیں۔رواں سال ستمبر میںہی جموں و کشمیر حکومت نے تعلیمی اداروں و کالجوں کی لائبریریوں میں رکھی کئی ہزار کتابوں کی اسکریننگ کی اور ان میں سے تقریباً پانچ ہزار کتابوں کو ممنوعہ قرار دے کر انھیں لائبریریوں سے ہٹا لیا گیا۔مرکزی حکومت کے اس قدم پر ریاستی وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے بھی تشویش ظاہر کی ،لیکن مودی حکومت کے اس قدم کو وہ بھی روک نہیں سکے۔یہ معاملہ ریاست کی حکومت کے اختیارات میں مداخلت کے مترادف ہے،لیکن مودی حکومت کو اپوزیشن پارٹیوں کی ریاستی حکومت کے جمہوری اختیارات سلب کرنے یا ان پر قدغن لگانے کی عادت سی ہو گئی ہے،اور یہ سب مرکزی حکومت کے خوف ہی کا ثبوت ہے۔حکومت درسی کتابوں پر بھی پابندیاں لگانے کا کام کرتی رہی ہے ،اور ان کتابوں کو نصاب سے ہٹا دیا گیا کہ جو سنگھ کے نظریے کی نفی کرتی تھیں ۔بائیں بازو کے نظریات کی تبلیغ کرنے والی کئی کتابوں کو بھی حکومت کی سنسرشپ کا سامنا کرنا پڑا ہے۔پینگوئن انڈیا جیسے مشہور پبلشر کے ذریعے شائع کتاب An Alternative Historyکو اس کے خلاف دائر ایک مقدمے کے بعد مارکیٹ سے واپس لے لیا گیا تھا۔اس پر نہ صرف ہندوستان بلکہ دنیا بھر کے دانشور طبقے میں بحث چھڑ گئی تھی۔کیونکہ پینگوئن ایک بین الاقوامی سطح کا اشاعتی ادارہ ہے۔ مذکورہ تمام مثالیں اس بات کا ثبوت ہیں کہ حکومت آزادی فکر کو اپنے لیے بڑا خطرہ مانتی ہے اور کیونکہ بیشتر فنکار آزادی فکر کے ترجمان ہوتے ہیں اس لیے ان کی تخلیقات کو بھی پابندی کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی کے بیٹے کا فوٹو کلیکشن بھی اسی زمرے میں آتا ہے۔حکومت صرف اپنے خلاف ہونے والے مظاہروں ہی سے خوفزدہ ہی نہیں ہے،بلکہ اسے ان مظاہروں سے متعلق تصاویر کی نمائش سے بھی ڈر لگنے لگا ہے۔یہ بڑھتے ہوئے خوف کا ہی ثبوت ہے،اور اسی خوف کے تحت ریحان واڈرا کی تصاویر کی نمائش میں سے بھی بیشتر تصاویر ہٹوانے کی کارروائی کی گئی۔ naqvisiraj58@gmail.com Mobile:9811602330