امریکہ کی کٹھ پتلی بن کر کئی دہائیوں تک ایران کے اقتدار پر قابض رہے شاہ ایران کے خاندان کو دوبارہ اقتدار میں لانے کے تمام تر منصوبے ناکام ہو جانے کے بعد دو شیطانوں یعنی خود امریکہ اور اسرائیل نے ایران پر جو جنگ تھوپی تھی اس کی ناکامی ساری دنیا دیکھ چکی ہے۔اس جنگ نے دنیا کے تمام دفاعی ماہرین کو حیران کر دیا ۔جنھیں اپنے سپر پاور ہونے کا گھمنڈ تھا وہ دور ہو چکا ہے ۔مشرق وسطیٰ کو آتش فشاں بنانے کے لیے ذمہ دار ان دونوں ہی ممالک کو ایران نے شکست دے کر انھیں ان کی اوقات بتا دی ہے۔شکست کا یہ سلسلہ جنگ بندی کے بعد ان دونوں ممالک میں بڑھی داخلی مخالفت تک پہنچا،اور دو شیطانوں نیتن یاہو اور ٹرمپ کو جس شرمناک شکست کا منھ دیکھنا پڑا وہ پوری دنیا کے سامنے ہے،لیکن اس معاملے کا سب سے اہم پہلو یہ ہے کہ اسرائیل کی اندھی حمایت میں امریکہ کی ’سپر پاور‘ کی امیج گنوا چکے ٹرمپ کو ان کے اپنے ہی ملک کے عوام نے مسترد کر دیا ہے۔ ٹرمپ کو امریکہ میں گزشتہ ہفتے ہوئے وسط مدتی انتخابات میں جو شکست ہوئی ہے وہ حیران کن نہیں بلکہ شرمناک ہے۔ٹرمپ کا مبینہ طور پر منصوبہ یہ تھا کہ وسط مدتی انتخابات کے بعد ایک مرتبہ پھرایران کے خلاف جنگ چھیڑ دی جائے اور ایران کی اہم دفاعی تنصیبات کو ایٹمی حملے کا نشانہ بنایا جائے،لیکن امریکہ کے دونوں ایوانوں میں ٹرمپ کی ریپبلیکن پارٹی اکثریت سے محروم ہو چکی ہے اور اس طرح ٹرمپ کی آمریت پر خود امریکہ کے عوام نے قدغن لگا دی ہے۔جو ٹرمپ امریکہ کے مشیگن میں سینیٹ کی رکنیت کا الیکشن لڑ رہے عبدل السید کے خلاف روز زہر اگل رہے تھے اور اپنے ہندوستانی حاشیہ بردار کی طرز پر عبدل کو دہشت گرد کہنے کے ساتھ ہر طرح کی بد زبانی پر آمادہ تھے،جو ٹرمپ ایران کو صفحہ ہستی سے مٹانے کی دھمکیاں دے رہے تھے ان کے منھ پر امریکی عوام نے اپنے ووٹ کی شکل میں اتنا زوردار تھپّڑ رسید کیا ہے کہ اس کی کسک دو سال بعد ہونے والے امریکہ کے پارلیمانی انتخابات میں ریپبلیکن پارٹی بھی صحیح معنوں میں محسوس کریگی۔ چند روز قبل ایران نے امریکہ میں ٹرمپ کی شکست کے فوراً بعد جس طرح امریکہ کو کسی بھی ممکنہ حملے کے خلاف سخت وارننگ دی ہے اس نے واضح کر دیا ہے کہ ایران امریکی حملے کے تعلق سے اب بھی غافل نہیں ہے،اور اگر ٹرمپ اپنی اس شکست کے اور امریکہ کے دونوں ایوانوں کی مخالفت کے باوجوداپنی ویٹو پاور کا استعمال کرتے ہوئے ایران پر حملے کی کوشش کرتے ہیں تو اس کے نتائج پورے امریکہ کو بھگتنے پڑینگے۔نیتن یاہو اور ٹرمپ جیسے دو شیطانوں کی اپنے اپنے ملک کے انتخابات میں شکست کے بعد کا منظر نامہ صرف ان دو ممالک کو ہی متاثر نہیں کریگا بلکہ اس کے اثرات مشرق وسطیٰ پر پڑنے سے بھی انکار نہیں کیا جا سکتا۔یہ دو شیطان امید لگائے ہوئے تھے کہ خطے کے مسلم ممالک کو ایران کے خلاف کھڑا کرکے اپنے مقصد میں کامیاب ہو جائینگے ،لیکن کچھ عرصہ قبل تہران میں سعودی عرب،ترکی اور پاکستان کے نمائیندوں کی ایرانی قیادت کے ساتھ میٹنگ نے دونوں شیطانوں کے منھ کا ذائقہ بگاڑ دیا ہے۔جہاں تک اسرائیل کا تعلق ہے تو ایک بات بہت واضح ہے کہ اس صہیونی ریاست میں بھلے ہی نیتن یاہو حکومت سازی کرنے میں کامیاب نہ ہو پائیں لیکن جہاں تک اسرائیل کے وجود کے لیے خطرے اور ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کا سوال ہے تو اس کے تعلق سے اسرائیل کی پالیسی میںکسی اہم تبدیلی کی امید قطعی نہیں ہے۔اس لیے کہ صہیونیت کے عقیدے میں ہی پڑوسی مسلم ممالک کو ’گریٹر اسرائیل‘میں بدلنے کا منصوبہ شامل ہے۔اس لیے یہ امید لاحاصل ہی ہے کہ اسرائیل کی نئی حکومت ایک آزاد اور خود مختار فلسطین کے قیام کے تعلق سے کوئی مثبت رخ اختیار کریگی۔لیکن جہاں تک امریکہ کا تعلق ہے تو وہاں کے حالات اسرائیل سے مختلف ہیں۔ امریکہ کے تعلق سے یہ بات تو درست ہے کہ وہاں کی بیحد مضبوط صہیونی لابی اپنی بے پناہ دولت کے بل پر امریکہ کی دونوں پارٹیوںکی ہر الیکشن سے پہلے زبردست فنڈنگ کرتی رہی ہے اور اس کے بدلے میں امریکی رائے عامہ سے الگ امریکہ کی اعلیٰ سطحی قیادت کی وفاداریاں اسرائیل کے حق میں خریدتی بھی رہی ہے۔اسرائیل کے قیام کے بعد سے آج تک اگر امریکہ اسرائیل کی اندھی حمایت کرتا رہا ہے تو اس کا سبب امریکی عوام نہیں بلکہ صہیونی لابی کی بے تحاشہ دولت ہے،اور یہی امریکی سیاست کی سب سے کمزور کڑی ہے۔اس لیے کہ امریکی عوام کی اکثریت کم از کم آج کی تاریخ میں اسرائیل کی حمایت میں اپنی جانی و مالی قربانیاں دینے کے لیے قطعی تیار نہیں ہے۔ایران سے جنگ کے دوران جس بڑے پیمانے پر امریکہ اور اس کے دوست یوروپی ممالک میں اسرائیل کے خلاف مظاہرے ہوئے ان سے یہ بات صاف ہو چکی ہے کہ اسرائیلی شرانگیزیوں کے خلاف عالمی پیمانے پر فضا تیار ہو رہی ہے۔ایسے میں امریکی عوام بھی اپنے یہاں سرگرم صہیونی لابی کی تمام کوششوں کے باوجود اسرائیل کے وجود کو نہ صرف دنیا کے لیے بلکہ امریکہ کی داخلی سیاست کے لیے ایک بڑے خطرے کے طور پر دیکھنے لگے ہیں۔گزشتہ3نومبر کو ہوئے وسط مدتی انتخابات میں ووٹنگ کا رجحان اس بات کا بڑا ثبوت ہے۔اس طرح کی خبریں بھی اس دوران سامنے آئیں کہ صہیونی لابی نے اسرائیل مخالف امیدواروں کو ہرانے کے لیے کثیر رقم خرچ کی۔ خبروں کے مطابق مشیگن اور ٹیکسا س سمیت ملک بھر میں اسرائیل نواز اور یہودی فنڈ سے چلنے والی لابیوں نے انتخابی نتائج کو متاثر کرنے کے لیے کثیر رقم خرچ کی۔وفاقی انتخابی ریکارڈ دیکھ کر معلوم ہوتا ہے کہ صرف مشیگن میں ہی ’امریکن اسرائیل پبلک افئیرز کمیٹی ‘اور ’یونائیٹیڈ ڈیموکریسی پروجیکٹ‘ نے اسرائیل کی سخت مخالفت کے ایجنڈے پر الیکشن لڑنے والے مسلم امیدوار عبدل السید کو ہرانے کے لیے ہی تاریخ کی سب سے بڑی سرمایہ کاری کی۔خبروں کے مطابق اس مد میں تقریباً تین کروڑ ڈالر سے زیادہ کی رقم خرچ کی گئی۔اس کے علاوہ مشیگن کے ایک لاکھ تیس ہزار یہودی ووٹروں کو براہِ راست میل بھیجنے کے لیے بھی فنڈ جاری کیے گئے،لیکن بتانے کی ضرورت نہیں کہ اس سرمایہ کاری کے باوجود ٹرمپ ،ان کی ریپبلیکن پارٹی اور صہیونی سرمایہ کار عبدل السید کو شکست نہیں دے سکے۔اسے ٹرمپ یا مریکی عوام کے بدلتے ہوئے اور اسرائیل مخالف رجحان کے طور پر دیکھا جا سکتاہے۔ عبدل السید وہ امیدوار ہیں کہ جن کے خلاف آگ اگلنے میں خود ٹرمپ نے بھی کوئی کمی نہیں کی تھی۔لیکن ان سب باتوں کے باوجود جو نتائج سامنے آئے اسے امریکہ کی دونوں بڑی سیاسی پارٹیوں کو نوشتہ دیوار سمجھ کر پڑھنے اور اسرائیل کے تعلق سے مستقبل کی اپنی پالیسیاں طے کرنے کی ضوروت ہے۔مشیگن جیسے حالات ٹیکساس میں بھی پیش آئے۔یہاں ریپبلیکن امیدوار کو سینیٹ کے الیکشن میںجتانے کے لیے صہیونی لابی نے کروڑوں ڈالر خرچ کیے۔یہاں کی انتخابی مہم میں مجموعی طور پر تقریباً پچاس کروڑ ڈالر خرچ ہوئے،لیکن قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ اس رقم کا تقریباً 70فیصد حصہ صرف ریپبلیکن امیدوار کے حق میں خرچ کیا گیا۔اعداد وشمار بتاتے ہیں کہ اس انتخابی مہم میں 2024کی انتخابی مہم کے مقابلے میں تقریباً26فیصدی رقم زیادہ خرچ ہوئی۔لیکن ایسے تمام حلقوں میں کہ جہاں ریپبلیکن یا یوں کہیں کہ ٹرمپ کے اور اسرائیل نواز امیدوار کو کامیاب کرانے کے لیے بڑی رقمیں خرچ کی گئیں تقریباً ان سب میں صہیونی لابی اسرائیل نوازوں کو جیت دلانے میں ناکام رہی۔یہ صورتحال اس بات کا اشارہ ہے کہ صہیونی سازشوں سے اب امریکی عوام بھی عاجز آچکے ہیں۔ان میں یہ احساس بڑھ رہا ہے کہ اسرائیل کی بیجا دوستی کے نتیجے میں ان کے ملک کا وقار دائو پر لگ گیا ہے۔جس ملک کا ایک فوجی ایک بڑی رقم خرچ کرکے تیار ہوتا ہو،جس ملک کا دفاعی بجٹ پوری دنیا میں اپنے مفادات کے لیے اسلحہ کی سپلائی سے لیکر فوجی تربیت تک پر کثیر رقم خرچ کرتا ہو اگر اس ملک کے عوام اسرائیل نواز لابی کی تمام تر سازشوں کو ناکام بناتے ہوئے اسرائیل نواز عناصر کو حیران کن اور شرمناک شکست دینے میں کامیاب ہوئے ہوں ،وہاں ہوا کیا رخ ہے یہ بتانے کی ضرورت نہیں ہے۔یہ صرف امریکہ کی سیاسی پارٹیوں کے لیے ہی خطرے کی گھنٹی نہیں ہے،یا صرف یوروپ کے لیے ہی لمحہ فکریہ نہیں ہے بلکہ باقی دنیا اور خصوصاً ٹرمپ کو ’’مائی فرینڈ ‘‘ کہنے اور اسرائیل کو ’’فادر لینڈ‘‘ کہنے والوں کے لیے بھی ایک واررننگ ہے کہ ان دو شیطانوں سے خود کو دور ہی رکھیں۔اس لیے کہ آنے والا وقت ان دو شیطانوںکی شکست کے بعد کا جو منظر نامہ لکھے گا اس میں ایران ہی علامہ اقبالؔ کے لفظوں میں مشرق کا جنیوا بنے گا۔دو شیطانوں کی شکست اس کی ابتدا ہے۔ naqvisiraj58@gmail.com Mobile:9811602330
دو شیطانوں کی شکست کے بعد۔۔۔
ایران نے امریکہ میں ٹرمپ کی شکست کے فوراً بعد جس طرح امریکہ کو کسی بھی ممکنہ حملے کے خلاف سخت وارننگ دی ہے اس نے واضح کر دیا ہے کہ ایران امریکی حملے کے تعلق سے اب بھی غافل نہیں ہے،اور اگر ٹرمپ اپنی اس شکست کے اور امریکہ کے دونوں ایوانوں کی مخالفت کے باوجوداپنی ویٹو پاور کا استعمال کرتے ہوئے ایران پر حملے کی کوشش کرتے ہیں تو اس کے نتائج پورے امریکہ کو بھگتنے پڑیں گے