ممبرا :مہاراشٹر اسٹیٹ پنشن اور پے ایڈوائزری بورڈ کے سابق چیئرمین سید علی اشرف (بھائی صاحب نے کچھ سماجی نمائندوں کے ساتھ تھانے کے پولیس کمشنر مسٹر آشوتوش ڈمبرے سے ملاقات کی اور محکمہ پاسپورٹ میں عام شہریوں کو درپیش جاری مشکلات کا سنگین مسئلہ اٹھایا۔ بہت سے شہریوں نے شکایت کی کہ پاسپورٹ سے متعلق کام کیلئے غیر ضروری طور پر نئی دستاویزات کی درخواست کی جا رہی ہے، لوگوں کو ایک ہی کام کے لیے کئی بار دفتر کے چکر لگانے پڑ رہے ہیں، اور ضروری دستاویزات جمع کرانے کے باوجود ان کا کام وقت پر نہیں ہو رہا ہے۔ سید علی اشرف نے پولیس کمشنر کے سامنے شہریوں کے مسائل کو تفصیل سے پیشکیا اور مطالبہ کیا کہ محکمہ پاسپورٹ اس کے کام کاج کی تحقیقات کرے اور عام لوگوں کو ریلیف فراہم کرے۔شکایت کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے، پولس کمشنر مسٹر آشوتوش ڈمبرے نے فوری طور پر ایڈیشنل پولیس کمشنر کو طلب کیا، معاملے کی تحقیقات کا حکم دیا، اور متعلقہ افسران کو بھی طلب کیا، ان کے کام سے ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے انہیں ضروری بہتری لانے کی ہدایت دی۔اس موقع پر سید علی اشرف نے پولیس کمشنر کی جانب سے فوری کارروائی اور مسائل کے جلد از جلد حل کی یقین دہانی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ممبرا اور اس کے اطراف کے علاقوں میں عام شہریوں کو پاسپورٹ تصدیق کے عمل میں درپیش رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے نظام میں شفافیت اور آسانی پیدا کرنا انتہائی ضروری ہے تاکہ عوام کا قیمتی وقت ضائع نہ ہو۔مقامی شہریوں اور سماجی حلقوں نے سید علی اشرف کے اس گراں قدر اقدام کی بھرپور تحسین کی ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ اس اعلیٰ سطحی مداخلت کے بعد پولیس ویری فیکیشن اور پاسپورٹ کے جملہ امور میں بہتری آئے گی، جس سے طلباء، مسافروں اور عام شہریوں کو بڑی راحت میسر ہوگی۔