جلگاؤں: مہاراشٹر کے ضلع جلگاؤں میں اسٹیٹ بینک آف انڈیا (ایس بی آئی) کی بھوکر برانچ میں ہوئی ڈکیتی کے معاملے میں چونکا دینے والے انکشافات سامنے آئے ہیں۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق اس پوری واردات کی منصوبہ بندی جیل میں کی گئی تھی۔ جیل میں مجرمانہ روابط قائم ہونے کے بعد ملزمین نے بینک لوٹنے کی سازش تیار کی اور ضمانت پر رہا ہونے کے چند ماہ بعد مبینہ طور پر اس واردات کو انجام دیا۔

پولیس کے مطابق اس معاملے کا مرکزی ملزم برطرف پولیس سب انسپکٹر شنکر جسک ہے۔ اس کے علاوہ گجانن راجندر پوار سمیت اب تک چار ملزمین کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

پولیس تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ شنکر جسک پر 2023 میں جلگاؤں شہر کے شانی پیٹھ پولیس اسٹیشن کی حدود میں واقع ایس بی آئی کی ایک شاخ سے 3.17 کروڑ روپے لوٹنے کا الزام تھا۔ اس معاملے میں وہ جیل میں قید تھا۔ اسی دوران اس کی ملاقات گجانن راجندر پوار سے ہوئی، جسے 2024 میں چالیسگاؤں علاقے میں اپنی گرل فرینڈ کے شوہر کے قتل کے الزام میں جیل بھیجا گیا تھا۔ جیل میں دونوں کی شناسائی ہوئی اور چند ماہ قبل ضمانت پر رہائی کے بعد انہوں نے مبینہ طور پر بھوکر میں بینک ڈکیتی کی منصوبہ بندی کی۔

تحقیقات کے مطابق اس واردات میں چار اہم ملزمین کے ساتھ دو دیگر افراد بھی شامل تھے۔ منصوبے کے تحت ملزمین بھوکر میں واقع اسٹیٹ بینک آف انڈیا کی شاخ میں داخل ہوئے اور بینک منیجر اور کیشیئر کو پستول دکھا کر خوفزدہ کیا۔ ملزمین نے ملازمین کو بندوق کی نوک پر تقریباً 16 لاکرز کھولنے پر مجبور کیا اور ان میں رکھا سونا اور نقدی پانچ سے چھ تھیلوں میں بھر کر فرار ہوگئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق ملزمین تقریباً 40 سے 45 منٹ تک بینک کے اندر موجود رہے، جس کے دوران ملازمین میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ واردات کے بعد ملزمین دھرنگاؤں کی سمت فرار ہوگئے۔ مقامی دیہاتیوں نے ان کا پیچھا شروع کردیا، جس کے بعد ضلعی پولیس کو الرٹ کردیا گیا اور تلاشی مہم شروع کی گئی۔

اسی دوران پولیس کو اطلاع ملی کہ فرار ہوتے وقت ملزمین نے چاول کھیڑا کے قریب سڑک کنارے چار تھیلے پھینک دیے ہیں۔ اطلاع ملتے ہی پولیس انسپکٹر اماکانت گائیکواڑ اپنی ٹیم کے ساتھ موقع پر پہنچے اور مقامی دیہاتیوں سے معلومات حاصل کرکے ملزمین کی تلاش شروع کی۔ آخرکار پولیس نے شنکر جسک اور گجانن پوار کو چاولکھیڑا علاقے میں ایک کھیت میں چھپے ہوئے گرفتار کرلیا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق اب تک اس معاملے میں چار ملزمین کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ پولیس نے ملزمین کے قبضے سے تقریباً 15 لاکھ روپے نقد اور سونے سے بھرے تھیلے برآمد کیے ہیں۔ پولیس اب لوٹی گئی نقدی اور سونے کی مجموعی مالیت کا تعین کرنے کے ساتھ ساتھ دیگر مشتبہ افراد کے کردار اور اس سازش میں مزید لوگوں کی شمولیت کے پہلوؤں کی بھی تحقیقات کر رہی ہے۔